میانوالی میں حملہ ناکام بنانے پر وزیراعظم کی پولیس کو شاباش، تعریفی اسناد دینے کا اعلان

0
223

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو شاباش دیتے ہوئے غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔بدھ کووزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کو مار بھگانے والے پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پولیس دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے میں ہمارا قابل فخر ہراول دستہ ہے, دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم اور ادارے متحد اور یک آواز ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ انسداد دہشت گردی میں پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے کردار اور جذبے پر پوری قوم کو فخر ہے, پولیس اور سی ٹی ڈی کو مزید مضبوط اور جدید ہتھیاروں سے لیس کریں گے، پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی بہادر فورسز کے ساتھ ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ رات میانوالی میں مکڑوال پولیس اسٹیشن پر بھاری ہتھیاروں سے لیس کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے فائرنگ کردی تاہم پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے تصدیق کی کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے مسلح حملہ آوروں نے پولیس اسٹیشن پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب کے ہمراہ 3 اضلاع (میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور سرگودھا) کی پولیس ٹیمیں کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف بڑے آپریشن کے لیے میانوالی پہنچیں۔سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کا آغاز رات 9 بجے ہوا جب کالعدم ٹی ٹی پی حملہ آوروں نے خودکار ہتھیاروں کی مدد سے مکڑوال پولیس اسٹیشن پر شدید فائرنگ شروع کردی، پولیس نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا بھرپور تبادلہ ہوا جو 2 گھنٹے تک جاری رہا تاہم آئی جی پنجاب نے تصدیق کی کہ حملے کے دوران پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں، میانوالی پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن میں تعینات اہلکاروں نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔