یہ ممکن نہیں پورا سال انتخابات ہوتے رہیں، ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں’ سعد رفیق

0
168

لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یہ ممکن نہیں کہ پورا سال انتخابات ہوتے رہیں، ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں، ہم نے بدترین حالات میں بھی الیکشن لڑا ہے، ملک کو مزید کسی نئے بحران کا شکار نہیں کر سکتے،تحریک انصاف کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے پی سی میں شرکت کرنی چاہیے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئین نے قائد ایوان کو اسمبلی توڑنے کا اختیار دیا ہے، عمران خان تو اسمبلی نہیں توڑ سکتے، اسمبلیوں کو مدت سے پہلے بغیر وجہ کے تحلیل کیا گیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے، تحریک انصاف کو اے پی سی میں شرکت کرنی چاہیے، تحریک انصاف کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے،دہشتگردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں،بار بار انتخابات سے ملک انتشار کا شکار ہو گا، انتخابات الگ الگ ہوئے تو مزید بحران پیدا ہوں گے، آئین کی پاسداری مقدم ہے لیکن پہلے بھی انتخابات ملتوی ہوتے رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم انتخابات لڑتے رہے ہیں، اب بھی لڑیں گے، ہم کبھی انتخابات سے نہیں بھاگے، الیکشن کھیل نہیں ایک وقت پر ہونے چاہئیں، ایسے حالات نہیں تھے کہ 2 صوبائی اسمبلیاں توڑ دی جاتیں۔وزرائے اعلی کو دبائومیں لا کر اسمبلیاں تڑوائی گئیں، ملک کی صورتحال مزید انتشار کی متحمل نہیں ہو سکتی۔