اٹلی جلد پاکستان میں اٹالین ٹریڈ ایجنسی کا دفتر قائم کرے گا’ شہریار خان

0
151

لاہور( این این آیئ)اٹلی جلد ہی پاکستان میں اٹالین ٹریڈ ایجنسی کا دفتر قائم کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ یہ بات اٹلی کے شہر میلان میں پاکستان کے اعزازی انویسٹمنٹ قونصلر محمد شہریار خان نے جمعرات کو پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دے گا اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے امداد میں میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ڈی جی اٹالین ایجنسی فار ڈیولپمنٹ کوآپریشن (AICS) مائستری پیری نے اٹلی کے سفیر فیریریز اینڈریاس کے ہمراہ گزشتہ ہفتے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز سے ملاقات کی اور اٹلی کی طرف سے پاکستان کو اقتصادی امداد کی یقین دہانی کرائی۔ شہریار نے مزید کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو بہتر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اطالوی وفد نے وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر نیاز کو بتایا کہ اٹلی دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ دونوں ممالک کے تجارتی اداروں، یونیورسٹیوں اور سرکاری اداروں کے درمیان روابط کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں سے تعلقات کو مزید استحکاماور فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اطالوی امدادی منصوبوں میں گلگت بلتستان میں اکنامک ٹرانسفارمیشن انیشیٹو، کیتو ویر پراجیکٹ کے تحت کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ ورک، کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے ہیریٹیج فیلڈ سکولوں کا قیام شامل ہے۔ سماجی و اقتصادی ترقی میں اطالوی اقتصادی معاونت کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے سرمایہ کاری قونصلر شہریار خان نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے اٹالین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کے تعاون کا خواہاں ہے۔ شہریار خان نے کہا کہ ڈاکٹر کاظم نیاز نے گزشتہ ماہ جنیوا میں ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس میں اطالوی حکومت کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کا خیر مقدم کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اٹلی کے مسلسل تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ و اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں اطالوی سفیر کی خدمات اور کردار کو سراہا۔