توشہ خانہ کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

0
147

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔منگل کو اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔مقامی عدالت میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق ضابطہ فوجداری کیس کی سماعت ہوئی جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے وکیل امجد پرویز اور سعد حسن پیش ہوئے جبکہ عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر علی خان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے سماعت پانچ دن کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسہ طریقہ ہے عمران خان جی 11کورٹ میں پیش ہو سکتے ہیں کچہری میں نہیں۔جج نے ریمارکس دیے کہ یہاں فرد جرم عائد ہونا ہے لہٰذا عمران خان یہاں پیش ہوں اور فرد جرم عائد ہوجائے پھر چلے جائیں۔عدالت نے رہمارکس دئیے کہ عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے یہاں کے لیے وقت نہیں بچے گا، یہ کونسا طریقہ ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے پھر وہ عدالت میں پیش ہوں گے جس پر وکیل نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے عمران خان پیش نہیں ہوسکے لیکن آئندہ سماعت پر وہ پیش ہوں گے۔عدالت نے کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔قبل ازیں عدالت نے عمران خان کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ہم نے ساڑھے تین بجے تک عمران خان کا انتظار کیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے اس لیے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ 7 مارچ تک عمران خان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو چار مختلف مقدمات میں اسلام آباد کی عدالتوں میں پیش ہونا تھا۔عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس کی بینک کورٹ، دہشت گردی کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت، توشہ خانہ ریفرنس میں ایف 8 کچہری (مقامی عدالت) اور اسی عدالت میں قتل کی کوشش کے مقدمہ میں پیش ہونا تھا۔خیال رہے کہ 21 اکتوبر 2022 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے متفقہ فیصلہ سنایا تاہم فیصلہ سناتے وقت 4 ارکان موجود تھے کیونکہ رکن پنجاب بابر حسن بھراونہ طبعیت خرابی کے باعث آج کمیشن کا حصہ نہیں تھے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمراں اتحاد کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت دائر کیے جانے والے ریفرنس میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے