آئین کی فتح ہوئی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحریک انصاف کا رد عمل

0
142

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز میں الیکشن کرانے کے حکم کو آئین کی فتح قرار دیدیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر سے متعلق ازخود نوٹس کا محفوظ فیصلہ سنادیا جس میں دونوں صوبوں میں 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، آئین کا تحفظ سپریم کورٹ کا فرض تھا اور معزز ججز نے آج اپنے فیصلے کے ذریعے یہ فرض نہایت بہادری سے نبھایاہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی پر تصدیق کی ایک مہر ہے، ہم اپنی جیل بھروتحریک معطل کررہے ہیں اور خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابی مہم کی جانب بڑھ رہے ہیں۔فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ آئین کی فتح ہوئی، پارلیمانی جمہوریت کی فتح ہوئی۔انہوں نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے واضع احکامات آگئے ہیں، پنجاب کے انتخابات کی تاریخ صدرمملکت دیں گے اور خیبر پختونخواہ کے گورنر کوفوراً تاریخ دینے کا پابندکردیا گیا ہے، جن جج صاحبان نے اختلاف کیا وہ بھی الیکشن 90 دن کے اندر کے اصول کو تسلیم کرتے ہیں۔سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہ ہوا تو سپریم کورٹ آرٹیکل 187 کے ذریعے حکومت کو گھر بھیجے گی اور خود اس پر عملدرآمد کرائے گی۔سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ پانچوں ججز نے 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کے قانون کی توثیق کی ہے، عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر صدر کو انتخابات کی تاریخ تجویز کرے۔پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ آخرکار کپتان اور عوام کی فتح ہوئی، مسلم لیگ (ن) اور حواریوں نے ہر کوشش کی الیکشن سے فرار کی، الیکشن کمیشن نے بھی الیکشن میں تاخیر کی ہر ممکن کوشش کر ڈالی لیکن پاکستان کی عدلیہ کو سلام۔انہوں نے لکھا کہ پہلے جسٹس جواد حسن صاحب نے آئین بچایا اور آج سپریم کورٹ کے بہادر ججوں نے آئین کی حفاظت کی، ججز شکریہ۔پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ ‘انتخابات 90 دن سے آگے نہیں بڑھ سکتے، سپریم کورٹ نے آئین کا تحفظ کیا، آئین اور تحریک انصاف کی جیت ہوئی۔انہوں نے لکھا کہ گورنر خیبرپختونخوا آئین کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا، اس آدمی کو کچھ شرم آنی چاہیے اور استعفیٰ دینا چاہیے۔سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی قوم کو آئین کی بالادستی اور سپریم کورٹ کے آئینی فیصلے پر مبارکباد دی