سعودی عرب میں بین الاقوامی قانونی دفتر کو پہلا لائسنس فراہم کردیا گیا

0
132

ریاض (این این آئی )سعودی وزیر انصاف ولید الصمعانی نے سعودی عرب میں کام کرنے کے لیے بین الاقوامی قانونی دفاتر کو پہلا لائسنس فراہم کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ولید الصمعانی نے ریاض میں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس میں اپنی تقریر کے دوران کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد عدالتی شراکت داری قائم کرنا اور دنیا بھر میں انصاف کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے تجربات اور مہارتوں کو منتقل کرنا ہے۔ یہ کانفرنس انصاف اور عدالتی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجیز کو بہتر بنانے اور ترقی دینے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔ اسی لیے کانفرنس کا نعرہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ساتھ انصاف تک رسائی کی سہولت فراہم کرنا تھا۔ولید الصمعانی نے کانفرنس میں اپنی تقریر کے دوران اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب نے انصاف اور شفافیت کو فروغ دینے والی ڈیجیٹل اختراعات، منصوبوں اور اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے انصاف کے شعبے سمیت تمام شعبوں کی ترقی کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔الصمعانی نے کہا کہ انصاف اور قانون کا شعبہ تیزی سے تبدیلیوں سے گزر رہا ہے ۔ ریاستوں کو ان تبدیلیوں کے ساتھ رفتار برقرار رکھنی چاہیے خاص طور پر ڈیجیٹل تبدیلی کے میدان میں۔ انہوں نے زور دیا کہ عدالتی شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کا تعلق ذرائع سے نہیں بلکہ بنیادی نوعیت کا ہے ۔ اعلی شفافیت کے ساتھ طریقہ کار کو کنٹرول کرنا، عدالتی اور قانون سازی کے پہلوں میں عدالتی ضمانتوں اور کنٹرولوں کو حاصل کرنا اور ان کی نگرانی کرنا بنیادی نوعیت کے کام ہیں۔