عمران خان کے بیانات نشر کرنے پر پابندی کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

0
140

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر مکمل پابندی کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد بلال حسن نے پیمرا کی جانب سے عمران خان کی تقریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف عمران خان کی درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی ۔ عمران خان کی جانب سے بیرسٹر احمد پنسوتا پیش ہوئے ۔ موقف اختیار کیا گیا کہ پیمرا نے عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ بیانات اور تقاریر پر پابندی لگانا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کے پاس عدالت کے علاہ کوئی اور آپشن موجود نہیں لہذا عدالت پیمرا کی جانب سے لگائی گئی پابندی فوری طور پر کالعدم قرار دے ۔ دوران سماعت عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔یاد رہے کہ رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے پٹیشن کے ساتھ پیمرا کا آرڈر نہ لگانے پراعتراض لگا دیا تھا۔