چین نے دیوالیہ ہونے والے سری لنکا کیلئے آئی ایم ایف پیکج کی راہ ہموارکردی

0
196

کولمبو (این این آئی)چینی قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ معاہدے نے سری لنکا کی دیوالیہ معیشت کیلئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پیکیج کی راہیں ہموار کر دیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف کے ایشیا پیسیفک کے ڈائریکٹر کرشنا شری نواسن نے کہا کہ سری لنکا کو قرض دینے والے بڑے ممالک سے مالیاتی یقین دہانیاں ملنے کے بعد آئی ایم ایف کے بورڈ نے قرضے کی رقم جلد جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد سری لنکا کیلئے ورلڈ بینک اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی جانب سے بھی قرضوں کی راہ ہموار ہو جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بہت بڑے معاشی بحران کا شکار ہوکر سری لنکا قرضوں کی عدم ادائیگی کے باعث اپنی تاریخ میں پہلی بار دیوالیہ ہوگیا تھا، جس کے باعث ملک میں ایندھن، توانائی، بجلی سمیت دوائیوں اور غذائی اجناس کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی اور ملک میں مہنگائی اپنے عروج کو پہنچ گئی تھی۔سری لنکن صدر رانیل وکرما سنگھے کی حکومت مسلسل ملک کی تباہ حال معیشت کو بحال کرنے اور آئی ایم ایف سے امدادی پیکیج حاصل کرنے کیلئے کوششوں میں مصروف تھی۔صدر وکرما سنگھے نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ چین نے اپنے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس کے بعد رواں ماہ آئی ایم کی جانب سے 2.9 بلین ڈالرز کی قرض کی رقم جاری کر دی جائے گی۔