امریکی ریاست ٹیکساس کی مقننہ میں ”یوم پاکستان”اور ”پاکستان ڈے آف ایکشن ایٹ سٹیٹ کیپیٹل”قراردادیں منظور

0
147

واشنگٹن(این این آئی)پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتے ہوئے اور امریکی ریاست ٹیکساس میں پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ٹیکساس کے ایوان نمائندگان نے 23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان اور 20 مارچ 2023 کو پاکستان ڈے آف اییکشن ایٹ سٹیٹ کیپیٹل قرار دینے کے حوالے سے دو تاریخ ساز قراردادوں کو منظور کیا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیکساس اسمبلی کی قرارداد 581 میں کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں اور خصوصاً ریاست ٹیکساس میں مقیم پاکستانی تارکین وطن نے اپنے پیشہ ورانہ خدمات، ثقافتی پس منظر اور امن و خوشحالی کی اقدار کے ذریعے ٹیکساس کی کامیابیوں کو مزید تقویت دی ہے۔ ریاست ٹیکساس پاکستانیوں کے ساتھ مل کر یوم پاکستان منا رہی ہے اور تنوع، شمولیت، تعلیم، پاکستانی ثقافت کے فروغ میں پاکستانیوں کے ساتھ ہے۔ ریاست ٹیکساس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتی ہے۔اعلامیہ کے مطابق یہ تاریخی قراردادیں ٹیکساس کے دو پاکستانی نڑاد نمائندوں سلیمان لالانی اور سلمان بھوجانی نے پیش کیں۔اعلامیہ کے مطابق ٹیکساس رقبے اور آبادی دونوں لحاظ سے امریکہ کی دوسری بڑی ریاست ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے نمائندہ لالانی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہا کہ دونوں قانون سازوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا اور پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم خدمت سر انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں قراردادیں ٹیکساس اور پاکستان کے درمیان عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی کاوشوں کو تقویت فراہم کریں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی دنوں کا تسلیم کیا جانا اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف کیا جانا پاکستانـامریکی کمیونٹی کے لیے ایک بہت بڑی پیش رفت ہے۔ٹیکساس اسمبلی کی قرارداد 581 جسے سلیمان لالانی نے پیش کیا تھا اور جس کو 20 مارچ 2023 کو ایوان نے منظور کیا میں کہا گیا ہے کہ یوم پاکستان ٹیکساس منتقل ہونے والے پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کی سماجی، مذہبی، لسانی اور معاشی شراکت کو تسلیم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ٹیکساس کی کامیابی کو پاکستانیوں اور ٹیکساس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے تقویت دی ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ریاست ٹیکساس پاکستانیوں کے ساتھ یوم پاکستان منانے اور تنوع، شمولیت، تعلیم، اور پاکستانی ثقافت کو فروغ دینے میں ان کے ساتھ شامل ہے۔قرارداد 600، جسے نمائندہ سلمان بھوجانی نے متعارف کرایا، 20 مارچ کو اسٹیٹ کیپیٹل میں پاکستان ڈے آف ایکشن قرار دیتی ہے اور پاکستان اور ٹیکساس کے درمیان تجارت، توانائی، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت ٹیکساس اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات کو اجاگر کرتی ہے۔پاکستان میں موجود افرادی قوت کی صلاحیتوں خصوصآ نوجوان آبادی کے پوٹینشل کو تسلیم کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ٹیکساس کی کاروبار برادری اور ریاست کی معیشت مزید ترقی کے لیے پاکستان کے ہنر مند نوجوان پیشہ ور افراد کو مختلف شعبوں خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیک صنعتوں میں برؤے کار لا سکتی ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی لون سٹار سٹیٹ کی رونق اور خوشحالی میں بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں اوراپنے عمل و کردار سے مزید مثبت اثر ڈالنے کے لیے اپنے عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔سفیر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران نمائندہ سلیمان لالانی نے انہیں قراردادوں اور امریکہ میں پاکستان کی سافٹ پاور کو اجاگر کرنے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی کا حقیقی چہرہ روشناس کرا کر کمیونٹیز کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور نمائندہ لالانی اور ان کے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تاجروں اور ماہرین تعلیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کریں تاکہ انہیں حقیقی پاکستان سے متعارف کرایا جا سکے