وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے اسلام آباد میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا

0
171

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے اسلام آباد میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔ بدھ کو سید امین الحق نے فاطمہ جناح پارک ایف نائن میں اپنے ہاتھوں سے پودا لگایا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق شجر کاری مہم یونیورسل سروس فنڈ اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے کی جارہی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیاتی تبدیلی ناز بلوچ نے بھی مہم کے دوران پودا لگایا۔چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف حارث محمود چوہدری، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی پودا لگایا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ شجر کاری کسی مہم، کسی خاص موقع سے نہ منسوب ہو نہ اس کی کوئی حد ہونی چاہیے، شجر کاری کو فرض عین سمجھتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا لازمی جزو بنائیں،یہ صدقہ جاریہ ہے، جب تک درخت کے پھل، پھول سے انسان، چرند پرند فائدہ اٹھائیں گے ثواب لگانے والے کو ملے گا۔ امین الحق نے کہاکہ درخت ہوا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ہٹا کر، درختوں اور مٹی میں کاربن کو ذخیرہ کرتے ہیں۔ وفاقی و زیر نے کہاکہ یہ علامتی مہم لوگوں کو پودا لگانے کی جانب راغب کرنے، اپنے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہے۔ سید امین الحق نے کہاکہ سب کو معلوم ہے ماحولیاتی تبدیلیوں کے گہرے اثرات پاکستان پر مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بے موسم برسات، گرمی میں اضافہ، غیر متوقع سیلاب، سردی و بہارکے موسموں میں تغیر ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے،ان خطرناک اثرات سے بچنے کیلئے شجر کاری سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ وفاقی وزیر ن ے کہاکہ اپنے لیئے، اپنے ملک اور آنے والی نسلوں کو بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ خواہش ہے کہ ہرطالب علم کو سرٹیفیکث اور ڈگری کے نتائج خاص تعداد میں پودے لگانے سے مشروط ہو۔ سید امین الحق نے کہاکہ فلپائن، دنیا کا واحد ملک ہے جہاں طلبہ کو گریجویشن کی ڈگری کیلئے 10 پودے لگانا لازمی ہے۔ وفاقی زیر نے کہاکہ شجر کاری کے فوائد سے طلبہ و طالبات کو مسلسل آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے ۔