زلمے خلیل زاد کے پاکستانی سیاسی صورتحال بارے بیانات سے کوئی تعلق نہیں، امریکا

0
130

واشنگٹن (این این آئی )امریکا نے اپنے سابق مندوب برائے عراق و افغانستان زلمے خلیل زاد کے پاکستان کی سیاسی صورتحال کے بارے میں دیئے گئے بیانات سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سابق امریکی مندوب نے 22 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستانی پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو نااہل کرنے کا کہہ سکتی ہے ۔قبل ازیں زلمے خلیل زاد نے عمران خان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں الیکشن جلد کرا دیے جائیں۔زلمے خلیل زاد کے بیان پر پاکستانی دفتر خارجہ نے احتجاج کیا تھا جبکہ حکومتی رہنماوں نے ان کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی وزارت خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا کہ زلمے خلیل زاد امریکی شہری ہیں، ان کے بیانات ذاتی حیثیت میں ہیں جو بائیڈین انتظامیہ کی نمائندگی نہیں کرتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا کے سابق مندوب برائے افغانستان کے بیانات کا امریکی خارجہ پالیسی سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی فریقین کو قانون کا احترام کرنا چاہیے۔ تشدد ، ہراسانی یا دھمکی کا سیاست میں عمل دخل نہیں۔ پاکستان کے عوام کو جمہوری و آئینی طریقے سے اپنے ملک کے رہ نماں کا انتخاب کرنے دیا جائے۔