وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا الیکشن سے متعلق کیس میں فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

0
118

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ادارے کے اندر تقسیم اور ابہام دور کرنے کرنے کے لیے 13 رکنی بینچ ہونا چاہیے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر نے کہا کہ الیکشن انعقاد کے سلسلے میں سوموٹو لیا گیا تھا، اس دن میں یہ بات ہوئی تھی کہ چار تین کی اکثریت سے مسترد ہو گیا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ استدعا ہے ادارے کی توقیر سلامت رکھنے کے لیے فل کورٹ بینچ بنایا جائے، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس اعجازالاحسن نے رضاکارانہ طور پر کیس سے علیحدگی اختیار کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جسٹس منصور اور جسٹس جمال مندوخیل کا فیصلہ آیا، دو مختلف طبقات ہیں جو مختلف باتیں کر رہے ہیں، دو ججز کے اختلافی نوٹ کے بعد یہ بات ثابت ہو گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کیس پر 13 رکنی بینچ بننا چاہیے، گزشتہ روز جو 2 ججز نے فیصلہ دیا انہوں نے بھی اسی طرف اشارہ دیا۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم فرد واحد کے طور پر فیصلے نہیں کرتا، کابینہ کی مشاورت شامل ہوتی ہے۔