مراد سعید کا اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر چیف جسٹس پاکستان کو خط

0
360

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف رہنما مراد سعید نے جعلی مقدمات اور اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی طرف سے لکھے گئے خط میں چیف جسٹس سے بنیادی آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت شہریوں کے بنیادی حقوق نے نہایت سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے۔مراد سعید نے لکھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔مراد سعید نے خط میں لکھا کہ جعلی اور بے بنیاد ایف آئی آرز کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ چل نکلا ہے، ان مقدمات میں مجھ پر دہشت گردی سے لے کر بغاوت پر اکسانے جیسے الزامات لگائے گئے، یہ کیسز صرف اس لیے بنائے گئے کہ میں نے ملک میں آئین کی بالادستی اور امن کے قیام کے لیے آواز بلند کی۔مراد سعید نے لکھا کہ سوات میں امن عامہ کی بگڑتی صورتحال پر ارباب اختیار کو متنبہ کرنے کی کوشش کی، امن کی بات کرنے پر مجھے اور میرے خاندان کو مسلسل دھمکیاں دی گئیں،میرے گھر پر سادہ کپڑوں میں ملبوس مسلح افراد نے حملہ کرنے کی کوشش کی جو میرے پہنچنے پر با آسانی ریڈ زون میں فرار ہوگئے۔