اسلامی مالیات اوربینکاری غربت کے خاتمہ اور معاشرے کی ترقی وخوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے، اسحق ڈار

0
118

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ اسلامی مالیات اوربینکاری غربت کے خاتمہ اور معاشرے کی ترقی وخوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے، حکومت اسلامی مالیاتی صنعت کوفروغ دینے میں سنجیدہ اورپرعزم ہے، یقین ہے اسلامی بینکاری اورمالیات کے تحت چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار،زراعت اورکم لاگت کے گھروں کی تعمیرکیلئے مصنوعات پیش ہوں گی،قران کریم اوراسوہ حسنہ میں دنیا کے معاشی مسائل کا حل موجود ہے۔پیرکویہاں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے زیراہتمام اسلامی کیپٹل مارکیٹ کے موضوع پربین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیرملکی وفود کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس موضوع پربین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد سے اسلامی مالیات اوراسلامی کیپٹل مارکیٹس کے مقاصدکوآگے بڑھانے میں مددملیگی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ اسلامی مالیات اوراسلامی بنکاری نہ صرف اسلامی بلکہ دیگرممالک میں میں بھی تیزی سے فروغ پذیرہیں، اسلامی مالیات اوربینکاری غربت کے خاتمہ اور معاشروں کی ترقی وخوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے کونکہ یہ مساویانہ ومنصفانہ اوررسک شئیرنگ کی بنیاد پرمالیاتی شمولیت پرزوردیتی ہے اورمالیاتی منڈیوں کوحقیقی معیشت سے جوڑکر رکھتی ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایف ڈی کی رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیابھرمیں اسلامی بینکاری اورمالیات کے 1679 ادارے کام کررہے ہیں جن میں سے 560 اسلامی بینک ہیں، اس وقت اسلامی مالیاتی مارکیٹ کاحجم 4 ٹریلین ڈالرہے اوراس میں سالانہ بنیادوں پر17 فیصدکی شرح سے نموہورہی ہے، 2026 تک اسلامی مالیاتی مارکیٹ کاحجم 5.9 ٹریلین ڈالرتک بڑھنے کا اندازہ ہے، ملائشیا، سعودی عرب، سنگاپور اوراردن اس وقت اسلامی مالیات اوربینکاری کے حوالہ سے آگے ہیں،انڈونیشیا اورملائشیا اس شعبہ میں تعلیم اورتحقیق میں سرفہرست ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ اسلامی مالیات اوربنکاری کا موضوع ان کے دل کے قریب ہے، حکومت نے اسلامی مالیات اوربنکاری کے فروغ کیلئے حکمت عملی مرتب کی ہے جس پر عمل درآمدہورہاہے، مسلم لیگ ن کی گزشتہ حکومت نے اسلامی بنکاری اورمالیات کے فروغ کیلئے سٹیٹ بینک میں ایک کمیٹی بھی قائم کی تھی، اسی کی روشنی میں قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی بنائی گئی ہے جس میں اسلامی مالیات کا اہم حصہ ہے۔ سٹیٹ بینک اورسیکورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن کی صورت میں ہمارے دوریگولیٹری ادارے اسلامی مالیات اوربنکاری کے فروغ میں اپنا کردار اداکررہے ہیں، ایس ای سی پی کے تحت مضاربہ، مشارکہ، تکافل اورشریعہ ایڈوائسڈ مصنوعات کی نگرانی ہورہی ہے