آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی، کچھ درخواستیں آئی ہیں ان کو کیس میں شامل کر لیں گے، چیف جسٹس

0
293

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بھی بینچ میں شامل ہیں۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا کہ ہمارے پاس موجودہ کیس میں کچھ درخواستیں آئی ہیں ان کو کیس میں شامل کر لیں گے، اٹارنی جنرل کی درخواست پر پہلے سماعت کریں گے، بینچ پر اعتراض کے معاملے پر اٹارنی جنرل کے دلائل سنیں گے، بینچ پر اعتراض پر گزشتہ سماعت میں فیصلہ نہیں کیا تھا، نئی درخواستوں پر اگلے ہفتے دلائل سن لیں گے۔وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہم ٹاک شوز میں بیٹھتے ہیں، پچھلے ایک سال سے جو سپریم کورٹ کے ساتھ ہو رہا ہے اس پر ٹی وی پر دفاع کرتے ہیں، جو دوسری جانب سے کہا جاتا ہے اس کو تو میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ کے تمام تحفظات سنیں گے۔وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے دروازے پر جو حکومت نے کیا وہ بھی سب نے دیکھا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی درخواست ابھی تک فائل نہیں ہوئی، اٹارنی جنرل کی بینچ پر اعتراض سے متعلق درخواست پر رجسٹریشن نمبر کا کہہ رہے ہیں، اٹارنی جنرل تمام فریقین کو درخواست کی کاپیاں فراہم کریں، اگلے ہفتے کسی دن اس کیس کو سنیں گے۔اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ قبل ازیں آڈیو لیکس کمیشن کیس میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے وفاقی حکومت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے ججز پر اعتراضات کی وفاقی حکومت کی درخواست واپس کی۔رجسٹرار آفس نے وفاقی حکومت کی درخواست پر اعتراض عائد کیا کہ جو درخواست کرنی ہو وہ کھلی عدالت میں کریں۔وفاقی حکومت نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔وفاقی حکومت نے استدعا کی تھی کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف مقدمہ نہ سنیں۔