وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کااجلا س کل طلب کرلیا ،وفاقی بجٹ کی منظوری دی جائیگی

0
164

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ سے پہلے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس (کل) جمعہ کو طلب کرلیا جس میں وفاقی بجٹ 2023-24 کی منظوری دی جائیگی۔وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس (کل)جمعہ کی صبح ایوانِ وزیراعظم میں ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں آئندہ مالی سال 2023ـ24 کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ تقریباً 14 ہزار ارب روپے کے وفاقی بجٹ کی منظوری دیگی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا فیصلہ کریگی،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اور پنشن میں 15 فیصد اضافے کی تجویز پر غور ہوگا۔وفاقی کابینہ سے ترقیاتی بجٹ اور ترقیاتی اسکیموں کی بھی منظوری لی جائے گی۔ کابینہ سے 2709 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کیلئے426 ارب ، کے پی کیلئے 268 ارب روپے کی منظوری دی جائیگی جبکہ سندھ کیلئے 617 ارب اور بلوچستان کیلئے 248ارب روپے کی منظوری شامل ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دفاع کے لئے 18 سو ارب روپے کے بجٹ کی منظوری بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایف بی آر کے ریونیو ٹارگٹ 92 سو ارب روپے اور نان ٹیکس ریونیو 28 سو ارب روپے کی بھی منظوری لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ جی ڈی پی کے بجٹ خسارے 7 اعشاریہ 7 فیصد کی بھی منظوری دے گی۔