مکہ اور مدینہ میں 60 ہزار سے زائد عازمین طبی خدمات کی فراہمی

0
188

مکہ مکرمہ(این این آئی)مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہسپتالوں اور صحت کے مراکز کے ذریعے تقریبا ساٹھ ہزار سے زائد عازمین حج نے ذی القعدہ کے مہینے میں طبی خدمات حاصل کیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضیوف الرحمان نے خصوصی اور معیاری علاج کی خدمات سے استفادہ کیا۔ انہیں ہسپتالوں کی طرف سے بہت سی خدمات فراہم کی گئیں۔ اس دوران 15 اوپن ہارٹ سرجریز،114 کارڈیک کیتھیٹرائزیشن، جبکہ 264 ڈائیلاسز کے آپریشن کیے گئے، 998 عازمین کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا اور ورچوئل ہیلتھ سروس سے 57 عازمین حج مستفید ہوئے۔اس سال 1444ھ کے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ، مقدس مقامات اور مدینہ منورہ میں وزارت صحت نے عازمین کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے غیرمعمولی انتظامات کیے ہیں۔حج کے موقعے پر طبی سہولیات فراہم کرنے والے اسپتالوں کی تعداد 32 تک پہنچ گئی۔ 140 صحت مراکز الگ سے قائم کیے گئے ہیں۔ ہسپتالوں میں بستروں کی گنجائش بڑھا کر 6132 کردی گئی ہے۔ ہیٹ اسٹروک کے لیے مختص کیے گئے بستروں کی تعداد 222 ہے جب کہ حج کے موقعے پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے رضا کاروں ، ڈاکٹروں اور عملے کی تعداد تقریبا 32 ہزار ہے۔