اماراتی صدر سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

0
291

ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے ابوظبی میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی ہے۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے بتایاکہ شیخ محمد اور حسین امیرعبداللہیان نے متحدہ عرب امارات اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔حسین امیرعبداللہیان نے صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے شیخ محمد کو دور ایران کی دعوت دی۔انھوں نے اس دعوت کا خیر مقدم کیا اور جواب میں صدر رئیسی کو یواے ای کے دورے کی دعوت دی ہے۔بعد ازاں ایرانی وزیرخارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید سے ملاقات کی ۔انھوں نے باہمی تعاون اور شراکت داری کی بنیاد پر کثیر الجہت اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔حسین امیرعبداللہیان کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فضائی نقل و حمل کی خدمات کو وسعت دینے اور تجارت اور سیاحت کے مواقع بڑھانے کے معاہدے پر بھی دست خط کیے گئے ہیں۔خلیجی عرب ممالک ایران کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔حالیہ برسوں میں یمن اور شام کے تنازعات کی وجہ سے ایران اور عرب ممالک میں تنا ئومیں اضافہ ہوا تھا لیکن مارچ میں ایک ڈرامائی تبدیلی کے طور پر، چین نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ایک معاہدے کی ثالثی کی جس کے تحت دونوں ممالک نے برسوں کے طویل تعطل کے بعد سفارتی تعلقات بحال کیے ہیں۔ایران نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ عمان کے ذریعے امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات میں مصروف ہے جس میں جوہری معاملات، امریکی پابندیاں اور قیدیوں کے ممکنہ تبادلے سے متعلق امور شامل ہیں۔اگلے روز ایران کے اعلی جوہری مذاکرات کار علی باقری قاآنی نے کہا کہ انھوں نے ابوظبی میں تین یورپی ممالک کے سفارت کاروں سے ملاقات کی ہے اور ان سے ملک کی جوہری سرگرمیوں سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔