او آئی سی کا ہنگامی اجلاس، قرآن کی بے حرمتی کے خلاف اجتماعی اقدامات کا مطالبہ

0
323

جدہ(این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پرزوردیا ہے اور کہا ہے کہ مذہبی منافرت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی قوانین کو بروئے کارلایاجانا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بیان سعودی عرب کے شہر جدہ میں تنظیم کے ایک غیر معمولی اجلاس کے بعد جاری کیا گیا ۔اس اجلاس میں سویڈن میں گذشتہ بدھ کو عیدالاضحی کے موقع پرقرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے اور اس کے مضمرات پرتبادلہ خیال کیا گیا ہے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی قانون کے فوری اطلاق کے بارے میں بین الاقوامی برادری کو مسلسل یاد دہانی کرانی چاہیے۔یہ قانون واضح طور پر مذہبی منافرت کی وکالت کی ممانعت کرتا ہے۔کئی سال قبل عراق سے راہ فراراختیار کرکے سویڈن پناہ گزین ہونے والے ایک شخص نے عیدالاضحی کے پہلے روز اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر قرآن پاک کے اوراق کو پھاڑ کر جلا دیا تھا۔ سویڈش پولیس نے اس پر ایک نسلی یا قومی گروپ کے خلاف احتجاج کرنے اور جون کے وسط سے اسٹاک ہوم میں آگ لگانے پرعاید پابندی کی خلاف ورزی کا الزام عاید کیا تھا۔پاکستان، ترکیہ، اردن، فلسطین، سعودی عرب، مراکش، عراق اور ایران سمیت متعدد ممالک کی جانب سے اس اقدام پر سخت تنقید کی گئی ہے۔او آئی سی نے واقعہ کے ایک روز بعد اعلان کیا تھا کہ وہ اس معاملے پر تبادلہ خیال کے لیے اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرے گی۔