اہل مغرب سن لیں قران و نبی ۖکی ذات ہر مسلمان کی ریڈ لائن ہے’ تاجروں کے احتجاجی مظاہرے

0
159

لاہور( این این آئی)ملک کی تاجر برادری نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے ، شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر گھنائونے فعل کے خلاف اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی کے مطالبات پر مبنی نعرے درج تھے ۔ وزیرا عظم شہباز شریف کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف قرآن پاک کی ناموس کیلئے ”یوم تقدیس قرآن ” کی ملک گیر کال پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔ تاجر تنظیموں کی جانب سے بھی نماز جمعہ کے بعد اس واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، تاجروں نے کاروبار بند کر کے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی ۔ انار کلی بازار کے تاجروں نے سویڈن میں پیش آنے والے واقعہ کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کیا ۔ تاجروں کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون اور سویڈن حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل چھلنی ہیں ۔ امت مسلمہ کے حکمران بھرپور اتحاد و یکجہتی سے اس کے خلاف یک زبان ہو کر رد عمل دیں تاکہ آئندہ کسی کو ایسا گھنائونا اور قبیح فعل کرنے کی جرات نہ ہو ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر کی قیادت میں ریگل چوک ہال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ شرکاء کی جانب سے ملعون اور سویڈن کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نعیم میر نے کہا کہ کاش سویڈن کے جج اور قرآن پاک جلانے والا قرآن مجید کو پڑھ لیتا تو یہ شرمناک فعل نہ کرتا،قران کی عزت وتکریم کی حفاظت اللہ کے ذمے ہے ،کسی بد فعل کی شرمناک حرکت قران کریم کی عظمت کم نہیں کرسکتی،اسی قرآن نے ہمیںبتایا کہ ایمان مکمل کرنا ہے تو یہودیوں و عیسائیوں پر نازل کئے گئے نبیوں پر بھی ایمان لائو،ہمیں قرآن نے تعلیم دی کہ اس وقت تک ایمان نامکمل رہے گا جب تک زبور ، انجیل ، تورات کو اللہ کی نازل کردہ کتابیں تسلیم نہیں کرو گے،ہمیں قرآن نے سبق پڑھایا کہ مذہبی رواداری اختیار کرو اور ان کے جھوٹے خدائوں کو برا نہ کہو یہ تمہارے سچے خدا کو برا کہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ قرآن نے ہمیں ، امن آتشی اور سلامتی کا سبق دیا،افسوس اسی قرآن کو جلایا گیا جس کی تعلیمات ہر کسی کے مذہبی جذبات کا احترام سکھاتی ہیں۔ اہل مغرب سن لیں قرآن و نبی ۖکی ذات ہر مسلمان کی ریڈ لائن ہے،یہ ریڈ لائن جتنی دفعہ عبور کرو گے ہم اور بھی زیادہ شدت سے اٹھ کھڑے ہوں گے،تم ان گھٹیا حرکتوں سے ہمارے اندر سے قرآن کی محبت کم نہیںکر پائو گے،یہ شرمناک فعل عالمی امن تباہ کرنے کی سازش بھی ہو سکتی ہے ،مسلم ریاستوں کو اپنا ہومیو پیتھک طرزعمل تبدیل کرنا ہوگا،اس حوالے سے اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس کے لئے ریکوزیشن دی جائے،اقوام متحدہ کے تمام ممالک بین المذاہب رواداری اور احترام کے حوالے ایک نیا کنونشن سائن کریں