لاہور( این این آئی)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گھانا کے ہائی کمشنر ایرک اوسو بوٹینگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے گھانا کے ہائی کمشنر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 2022 میں کامیاب صدارت پر مبارکباد دی۔ انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے،پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول ہے۔ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری پروجیکٹ کے تحت ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز بنائے جا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی جامعات بین الاقوامی درجہ بندی میں بہتر پوزیشن پر آرہی ہیں۔ گھانا کے ہائی کمشنر ایرک سوبو ٹینگ نے کہا کہ گھانا میں پاکستانی ٹیکسٹآئل مصنوعات کی ایکسپورٹ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مذید فرغ دیا جائے گا۔