پاکستان میں قیمتی معدنیات کے 6 ٹریلین ڈالر مالیت کے ذخائر موجود ہیں ،ہمارا خواب ترقی اورخوشحالی ہے، مصدق ملک

0
231

اسلام آباد (این این آئی)وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں سونا ، تانبا سمیت دیگرکئی قیمتی معدنیات کے6 ٹریلین ڈالر مالیت کے ذخائر موجود ہیں ،اس وقت دنیا کی تین بڑی کمپنیوں گوگل، ایپل اور ایمیزون کی مجموعی مالیت6 ٹریلین ڈالر ہے، ہم آئندہ چند سال میں معدنیات کی برآمدات کو5 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں،ہم معدنیات کے شعبہ میں کام کرنے والی پہلے سے موجود3 لاکھ کی افرادی قوت کو دوگنا کرنے کے خواہشمند ہیں۔ منگل کو”ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ ” کے عنوان سے منعقدہ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان منرل سیکٹر اور انرجی مکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہمارا خواب ترقی اورخوشحالی ہے، اسی طرح اقتصادی شرح نمو میں اضافہ اورمعاشی ترقی ہمارے اہداف کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وسائل سے خاطرخواہ استفادہ نہ کرسکنے کی وجہ سے ہم ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے خواب میں خوشحالی، ترقی ، اقتصادی نمو اور عوام کی خوشحالی سب سے اہم ہے۔ مصدق ملک نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ملک کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کا وژن رکھتے ہیں جس پر ہم سب عمل پیرا ہیں، اس خواب کی تکمیل کیلئے ہمیں روزگار فراہم کرنا ہوگا،کم آمدنی والا ایک ملک ہونے کی وجہ سے ہمیں بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس سے کم اوردرمیانہ درجہ کے ہنر مند افراد کو روزگار کی فراہمی بنیادی اہمیت کی حامل ہے جس سے لوگ اپنے اہلخانہ اور بچوں پر سرمایہ کاری کے قابل ہوسکیں گے، معدنیات ترقی اورخوشحالی کے حصول کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترقی اورخوشحالی کے وڑن کے حصول کیلئے معدنیات کا شعبہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 6 ٹریلین ڈالر مالیت کے معدنیات کے ذخائر موجود ہیں جن میں سونا، تانبا اور کوئلے سمیت دیگر کئی قیمتی معدنیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت محتاط اندازوں کے مطابق معدنی ذخائرکا تخمینہ6 ٹریلین ڈالر لگایا گیا ہے جس میں اضافہ متوقع ہے۔ امریکا کے ایجادات کے ذریعہ انقلاب کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نئی ایجادات اور تخلیقات کے ذریعہ عالمی سطح پر کئی بڑی کمپنیاں سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کی تین بڑی کمپنیوں گوگل، ایپل اور ایمیزون کی مجموعی مالیت6 ٹریلین ڈالر ہے جبکہ پاکستان میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت دیگرصوبوں میں موجود ”ڈسٹ”(معدنیات) کی مالیت 6 ٹریلین ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 70 سال سے زائد عرصہ سے اس سے استفادہ نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ چند سال میں معدنیات کی برآمدات کو5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔