عظیم گائیک استاد نصرت فتح علی خان کی 26 ویں برسی (کل ) منائی جائے گی

0
109

لاہور( این این آئی)عظیم گائیک،فن قوالی کو پوری دنیا میں متعارف کرانے والے قوال استاد نصرت فتح علی خان کی 26 ویں برسی کل ( بدھ) 16اگست کو منائی جائے گی۔نصرت فتح علی خان13اکتوبر 1948 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے ،آپ کے والد استاد فتح علی خان اور چچا استاد مبارک علی خان اپنے دور کے مشہور قوال تھے۔نصرت فتح علی خان نے بھی بطور قوال دم مست قلندر مست مست سے ملک گیر شہرت حاصل کی ۔انہوں نے قوالی کی صنف میں مغربی انداز متعارف کروایا جسے دنیا بھر میں بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی ۔ استاد نصرت فتح علی خان نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ٹائم میگزین نے 2006 میں ایشین ہیروز کی فہرست میں ان کا نام بھی شامل کیا، بطور قوال اپنے کیریئر کے آغاز میں انہیںکئی بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔نصرت فتح علی خان کی قوالیوں کے پچیس البم ریلیز ہوئے جن کی شہرت نے انہیں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ دلوائی۔ان کی فنی خدمات کے صلہ میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نواز اگیا۔ وہ بیک وقت موسیقار اور گلوکار بھی تھے،1995 میں انہیں یونیسکو میوزک ایوارڈ دیا گیا جبکہ 1997 میں انہیں گرامی ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیا۔وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور محض 48برس کی عمر میں 16اگست 1997ء کودنیا سے کوچ کر گئے۔