واشنگٹن (این این آئی)امریکا میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے بتایا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آ رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ نگراں وزیرِ اعظم کا دورہ امریکا خاصا مصروف ہو گا، وزیرِ اعظم 5 سمٹ میٹنگز میں شرکت کریں گے۔منیر اکرم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے کیسے وفد آئے گا، انہیں تو بند کر کے رکھا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی نمائندگی آزاد کشمیر کا وفد کرے گا۔انہوںنے کہاکہ جہاں بھی بین الاقوامی اجلاس ہوتے ہیں اگر پاکستان کی شرکت نہ ہو تو صحیح نہیں ہے، جو بھی وزیر ِاعظم ہو، وزیرِ خارجہ ہو، وہ پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔امریکا میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا کہ سالانہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ضروری ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ جو بھی وزیرِ اعظم ہو گا وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کا انٹرسٹ پروموٹ کرے گا۔