امریکا،ایران پانچ پانچ قیدی رہا کریں گے اور جنوبی کوریا میں ایرانی اثاثوں میں سے 6 بلین ڈالر جاری کیے جائینگے

0
133

تہران(این این آئی)ایران کے وزیرِ خارجہ نے کہاہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ قطر کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے جس کے تحت واشنگٹن اور تہران دونوں پانچ پانچ قیدیوں کو رہا کریں گے اور جنوبی کوریا میں موجود ایرانی اثاثوں میں سے 6 بلین ڈالر جاری کر دیئے جائیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا ایران معاہدے کا وسیع خاکہ 10 اگست کو منظر عام پر آیا تھا جس کے تحت ایران کے زیرِ حراست امریکی شہریوں کو قطر کے بینکوں میں رقوم کی منتقلی کے بدلے جانے کی اجازت ہوگی اور امریکا میں قید پانچ ایرانیوں کو رہائی ملے گی۔وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے قطری ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں کئی مہینوں کے مذاکرات کے دوران دوحہ کے تعمیری کردار کی تعریف کی جس کے نتیجے میں یہ معاہدہ طے پایا۔ قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ کی غیر منجمد رقوم قطری بینکوں کو بھیجنے کا عمل اگلے ہفتے کے اوائل میں مکمل کر لیا جائے گا۔واشنگٹن نے جنوبی کوریا سے قطر کو 6 بلین ڈالر کے ایرانی فنڈز کی منتقلی کی اجازت دینے کے لیے پابندیاں ختم کر دی ہیں جو اس بات کی نگرانی کرے گا کہ ایران کے مذہبی حکمران انسانی امداد کی اشیا کی خریداری کے لیے فنڈز کیسے خرچ کریں گے۔