طرابلس(این این آئی) لیبیا کی ہلال احمر نے سیلاب متاثرین کی ایک خوفناک تعداد کے بارے میں بتایا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہلال احمر نے بتایاکہ سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 11,000 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ لاپتہ افراد کی تعداد تقریبا 20,000 تک پہنچ گئی ہے۔لیبیا کی ہلال احمر کا کہناتھا کہ سیلاب سے تقریبا 2000 لاشیں سمندر میں بہہ گئیں۔دریں اثنا لیبیا میں ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے شہریوں اور امدادی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مشرقی لیبیا کے شہر درنہ میں آنے والے سیلاب کے بعد جنگ کی دھماکا خیز باقیات کو پانی سے بھرے علاقوں میں نئے مقامات پر منتقل کرنے کے بعد محتاط رہیں۔ کمیٹی نے اپنے فیس بک پیج پر کہا کہ یہ معلوم ہے کہ درنہ جنگ کی دھماکا خیز باقیات سے آلودہ شہر ہے اور سیلاب کی وجہ سے باقیات کو ان کے سابقہ مقامات سے شہر بھر کے علاقوں میں منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دھماکہ خیز مواد اب بھی خطرناک ہے اور شہریوں اور امدادی کارکنوں سے کہا کہ وہ محتاط رہیں اور مشکوک جگہوں پر نشانیاں لگائیں تاکہ دوسروں کو خبردار کیا جا سکے اور حکام کو مطلع کیا جا سکے۔