اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی موقف کو تسلیم نہیں کرتا ، وزیر خارجہ

0
124

نیویارک(این این آئی)نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی موقف کو تسلیم نہیں کرتا، کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل پر بھارت کی دہشتگردی عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکی ہے،،توقع ہے افغان حکومت ہر اْس گروپ کیخلاف کارروائی کرے گی جو پاکستان اور خطے کیلئے خطرہ ہے،پاکستان میں نگراں حکومت کا مقصد ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔یو این ہیڈ کوارٹرز میں نیوز کانفرنس کے دوران نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا جبکہ نگراں وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں جو مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل چاہتا ہے۔جلیل عباس نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کی، ہم بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن وہ مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت ایک عرصے سے خطے کے دیگر ملکوں کی خود مختاری پر حملے کرتا رہا ہے، کینیڈا کے کیس میں بھارتی دخل اندازی دنیا میں کھل کر سامنے آگئی۔جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں نگراں وزیراعظم نے اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں، اجلاس میں نگراں وزیراعظم نے مختلف امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے معاشی بحالی سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے جس ماحولیاتی امداد کا عالمی وعدہ کیا گیا تھا وہ ملنا شروع نہیں ہوئی،جو کر رہے ہیں ہم اپنے وسائل سے کررہے ہیں، اْمید ہے عالمی امداد جلد ملنا شروع ہوجائے گی۔جلیل عباس نے کہا کہ وزیراعظم نے فلسطین سے متعلق واضح موقف دیا، او آئی سی میٹنگز میں یہ تاثر نہیں ملا کہ کسی بھی مسلم ملک نے فلسطینیوں کو چھوڑ دیا ہو۔ او آئی سی اجلاسوں میں فلسطینیوں کے ساتھ مضبوط یکجہتی کا اظہار کیا گیا، ایشیا پیسیفک خوش حال خطہ ہے، ہم چاہتیہیں یہ ایسے ہی پْرامن رہے تاکہ علاقائی معیشت ترقی کر سکے۔جلیل عباس جیلانی نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم ایشیا پیسیفک کے مسئلے میں کوئی سائیڈ لینا نہیں چاہتے