سمگلنگ، ذخیرہ اندوزوں اور ڈالر مافیا کیخلاف کارروائی کے نتیجہ میں چینی اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی آئی ہے،نگران وزیر اعظم

0
120

نیویارک(این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سمگلنگ، ذخیرہ اندوزوں اور ڈالر مافیا کیخلاف کارروائی کے نتیجہ میں چینی اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، امید ہے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان جلد کریگا، انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق نمٹا جائے گا،مسئلہ کشمیر، فلسطین اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا، قوم کی بھرپور انداز میں نمائندگی کی،ہمارا دورہ بہت کامیاب رہا ہے، عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں بہت مفید رہیں،بھارت میں مسلمانوں، سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اس طرح کے رویہ کی روک تھام کیلئے اتحاد بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ گزشتہ روز پاکستانی مشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ نیویارک اختتام پذیر ہوا اور اس دوران سربراہان مملکت اور اہم وفود سے دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں، مجموعی طور پر یہ دورہ کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس سے ملاقات ہوئی، دورے کے دوران مسئلہ کشمیر اور بھارتی ہندوتوا پر بات ہوئی، مختلف فورمز پر موسمیاتی تبدیلی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر، فلسطین اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا، قوم کی بھرپور انداز میں نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران کثیر الجہتی امورپر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہائیوں سے بھارتی دہشت گردی کا شکار ہے، بھارت دہشت گردی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما کو بہیمانہ طریقہ سے قتل کیا گیا اس سے مغربی ممالک کو جھٹکا لگا اب ان کی آنکھیں کھلی ہیں اور وہ سنجیدہ سوالات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں، سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اس طرح کے رویہ کی روک تھام کیلئے اتحاد بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے کہا کہ افغانستان سے تعمیری بات چیت ہو رہی ہے، پاکستان افغانستان کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معاشی بحالی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو ر اغب کرنے کیلئے ایس آئی ایف سی کے ذریعے اقدامات کر رہا ہے، آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اعتماد سازی کیلئے اقدامات پر عمل پیرا ہیں، جب آئندہ منتخب حکومت آئے گی تو وہ اپنے منشور کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات کو آگے لیکر چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء کی رسد و طلب ، ذخیرہ اندوزی سے مہنگائی ہوتی ہے، ذخیرہ اندوزوں، چینی مافیا، گندم مافیا کیخلاف سخت انتظامی اقدامات کئے ہیں جس سے مصنوعی مہنگائی ختم کی ہے، ملک میں آٹا اور چینی کی کوئی قلت نہیں، مصنوعی غیر قانونی کرنسی ٹریڈ میں مداخلت سے ڈالر کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جس کو سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ناسازگار ماحول کا تاثر درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ کثیر جہتی اور مضبوط تعلقات ہیں، امریکہ میں 10 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اور مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، امریکہ میں پاکستانی طالب علم سکالرشپس پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پاک امریکہ اتحاد اور تعاون کی پرانی تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، نگران حکومت ملک کے مفاد میں فیصلے کررہی ہیں