سائفر کیس، عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت پیرکیلئے مقرر

0
146

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اٹک جیل میں قید چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سائفر کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست 25 ستمبر بروز پیر سماعت کے لیے مقرر کردی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے ضمانت بعد از گرفتاری کیلئے درخواست دائر کی تھی، جس پر رواں ہفتے کے اوائل میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کردیے تھے جبکہ اس درخواست کے دائر کیے جانے سے 2 روز قبل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ہفتہ کو رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق 25 ستمبر بروز پیر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کریں گے۔گزشتہ سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے سماعت جلد رکھنے کی استدعا کی تھی، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے تھے کہ ایک پروسیجر کے تحت معاملات چلتے ہیں، آپ سینئر وکیل ہیں، عدالتی طریقہ کار کو جانتے ہیں، آئندہ پیر کے لیے نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔یاد رہے کہ 14 ستمبر کو اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سفارتی سائفر سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت درج مقدمے میں عمران خان اور پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد جبکہ سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی تھی۔