وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے حج آپریشن مکمل ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ

0
153

اسلام آباد (این این آئی)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے آئندہ سال کا حج آپریشن مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کیا جائیگا تاکہ عازمین اور حجاج کرام کو تمام امور سے بروقت آگاہی ہو اور کسی بھی قسم کی شکایات کا اندارج اوراس کا فوری ازالہ کیا جاسکے گا۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدرات نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کی جبکہ شریک چیئرمین وزیر مذہبی امور انیق احمد بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کے دوران حکام نے حج آپریشن میں اب تک استعمال ہونے والے سسٹم کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق عازمین حج کی سہولت وآگاہی کیلئے موبائل ایپلی کیشن، ویب پورٹل کی تیاری کی جائے گی تاکہ مناسک حج سے متعلق سہولیات اورشکایات کے انداراج کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جاسکے۔ اس سسٹم کے ذریعے عازمین اور حجاج کرام حج آپریشن اور سہولیات سے متعلق اپنا فیڈ بیک ڈیجیٹلی طور پر دے سکیں گے۔ ڈاکٹرعمرسیف نے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل ہونے تک حج آپریشن کے موجودہ سسٹم کو فوری اپ گریڈ کرنے اور اس کی خامیاں دورکرنیکی ہدایت کی اور چیف ایگزیکٹیو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ ایکسپرٹ ٹیم وزارت حج میں تعینات کی جائے جو سسٹم کی نگرانی کرسکے۔ قبل ازیں کمیٹی کے شریک چیئرمین نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج آپریشن سے متعلق موجودہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنیکی ضرورت ہے، چاہتے ہیں وزارت آئی ٹی اس ضمن میں تکنیکی اور ماہرانہ معاونت فراہم کرے۔ علاوہ ازیں نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف سے چین کے سفیر جیاؤ ڑیڈونگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چین سے آئی ٹی میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ، ٹیلی کام انفراسٹرکچرمیں تعاون الیکٹرانک گاڑیوں کی تیاری کیلئے پاک چین اشتراک، چین کے تعاون سے لیتھیئم موبائل فون بیٹریز مائیکرو چپس، و دیگر ٹیلی کام مصنوعات کی مقامی سطح پر تیاری سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈاکٹرعمر سیف کا اس موقع پرنے کہا کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس کوچینی مارکیٹ تک رسائی کیلئے دوطرفہ تعاون کا فروغ ناگزیرہے،یورپ ،امریکہ کی طرح چین پاکستانی آئی ٹی ایکسپورٹ کیلئے پرکشش مارکیٹ بن سکتا ہے، پاک چین نوجوانوں کے مابین ہم آہنگی اور ٹیکنالوجی پارٹنرشپ کو فروغ دینا ہوگا۔ کوشش ہے کہ پاکستانی درسگاہوں کے عالمی معیار کی چینی جامعات سے اشتراک کو بڑھایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں آپٹیکل فائبر کیبل کا جال بچھانے کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات کررہے ہیں۔