اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے امریکی ماڈل بیلا حدید کا امریکی صدر کو کھلا خط

0
235

لاس اینجلس(این این آئی) نامور امریکی ماڈل بیلا حدید نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے امریکی صدر بائیڈن کو کھلا خط لکھ دیا۔ حدید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خط کا مواد پوسٹ کیا اور خط پر دستخط کرنے والی مختلف شوبز شخصیات کے ناموں کو شیئر کیا۔غزہ میں فلسطینی لوگوں میں جاری انسانی بحران پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ یہ غزہ کی تاریخ میں اسرائیل کی طرف سے سب سے شدید بمباری ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ امریکا نے اسرائیل کو کھلی چھوٹ دے دی ہے جس سے معصوم لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، ہمیں انسانیت کے نام پر جنگ کو روکنا چاہئے۔خط کو اوکسفام امریکا کے اشتراک سے لکھا گیا ہے اور اس میں مختلف فنکاروں، موسیقاروں، اداکاروں اور دوسرے مشہور افراد کی حمایت شامل ہے۔امریکی صدر کو لکھے خط پر دعا لپا، انڈریو میکلمور، ڈپلو، کیرولائن پولیچک اور بین افلیک جیسے نامور فنکاروں نے بھی دستخط کیے ہیں اور غزہ جنگ روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔