غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائیوں میں تیزی، حماس کاشدید لڑائی لڑنے کا دعویٰ

0
262

غزہ (این این آئی)حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے جبکہ دوسری جانب اسرائیل نے بھی اپنی زمینی کارروائیوں کو مزید بڑھا دیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حماس کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ ‘اس کے جنگجو شمال مغربی غزہ میں قابض (اسرائیلی) افواج کے ساتھ شدید لڑائی لڑ رہے ہیں۔ اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے مطالبات، بین الاقوامی سطح پر غم و غصہ اور غزہ میں یرغمالیوں کو لاحق ممکنہ خطرے کے باوجود، اسرائیل نے حماس کے خلاف جنگ کو مزید تیز کر دیا ہے۔فلسطینی سرزمین پر اس وقت خوف و ہراس کی صورتحال ہے جہاں امدادی سامان ناکافی ہونے سے بھی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 24 لاکھ شہریوں میں سے نصف سے بھی زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں اور ہزاروں عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔حماس کے اعلیٰ عہدیدار موسیٰ ابو مرزوق نے اتوار کو جاری بیان میں مصر سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں امداد کی ترسیل کو تیز کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔انہوں نے کہامصر کو صرف تماشائی بن کر نہیں رہنا چاہیے۔ ہم مصر کی طرف سے فیصلہ کن مؤقف کی توقع کرتے ہیں کہ امداد جلد از جلد غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے۔اتوار کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ میں فوری اور زیادہ امدادی سامان پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن نے مصری صدر فتح السسی سے بھی ٹیلی فون پر بات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے امداد میں اضافے اور متاثرین تک جلدی پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے میں ایک ہزار 400 اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے تھے جبکہ 239 کو اغوا کیا گیا۔ اسرائیل جوابی کارروائی کرتے ہوئے زمینی اور فضائی حملے کر رہا ہے جس کے نتیجے میں 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں نصف سے زیادہ بچے اور خواتین شامل ہیں۔