فیصل آباد،لائیو سٹاک ڈیزیز کنٹرول کے حوالے سے پاک چین ورکشاپ کا انعقاد

0
110

اسلام آ باد(این این آئی) فیصل آباد میں لائیو سٹاک ڈیزیز کنٹرول کے حوالے سے پاک چین ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ، پاکستانی اور چینی ماہرین نے پاکستان میں جانوروں کی بڑی بیماریوں پر قابو پانے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔گوادر پرو کے مطابق پاکستان اور چین نے حال ہی میں منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں زرعی تعاون کے امکانات کا اعتراف کیا۔ دونوں ممالک نے فصلوں کی کاشت، جانوروں اور پودوں کی بیماریوں کی روک تھام، زرعی میکانائزیشن، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور زرعی مصنوعات کی تجارت سمیت شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ گوادر پرو کے مطابق اپنے حالیہ عزم کے اظہار کے طور پر فیصل آباد یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ویٹرنری سائنس کے شعبہ پیتھالوجی اور بیجنگ میں چائنا ایگریکلچر یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر جمعہ کو مویشیوں کی بڑی بیماریوں پر قابو پانے کے لئے ایک روزہ چین پاکستان ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ گوادر پرو کے مطابق فیصل آباد، پنجاب میں منعقدہ ورکشاپ میں پاکستانی اور چینی ماہرین نے پاکستان میں جانوروں میں بڑی بیماریوں پر قابو پانے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار کے افتتاحی سیشن کی صدارت فیکلٹی آف ویٹرنری سائنس کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ رضوی نے کی۔ اپنے افتتاحی کلمات میں انہوں نے لائیو سٹاک انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی، بیماریوں کے انتظام کیلئے مہارت کے اشتراک اور کوآپریٹو حکمت عملی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ گوادر پرو کے مطابق چائنا ایگریکلچر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر چینگ ہی نے جانوروں کی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے احتیاطی ویٹرنری میڈیسن اور جدید اقدامات پر اپنی مہارت کا تبادلہ کیا۔ جانوروں کی صنعت اور انسانی صحت سے پیدا ہونے والے زونوٹک انفیکشن میں کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر ہی نے شرکا کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کیے اور جانوروں کے سائنس میں چین اور پاکستان کے تعاون پر روشنی ڈالی۔ گوادر پرو کے مطابق دس رکنی چینی ماہرین نے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ جانوروں میں بڑی بیماریوں کے حوالے سے اپنے تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے لائیو سٹاک کے شعبے میں پاک چین تعاون کے اہم شعبوں پر روشنی ڈالی۔ گوادر پرو کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین نے چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کے اہم شعبوں پر روشنی ڈالی، شرکا کو جانوروں میں کانگو وائرس کے پھیلا وکے بارے میں آگاہ کیا اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کی تفصیل سے بتایا۔