معروف پاکستانی نژاد امریکی انٹرپرینیور ڈاکٹر سہیل مسعود کو انٹرپرینیور آف دی ائیر 2023 کا اعزاز دے دیا گیا

0
232

اسلام آباد(این این آئی)معروف پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت ڈاکٹر سہیل مسعود کو امریکہ کے مایہ ناز ایوارڈ انٹرپرینیور آف دی ایئر 2023 نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ای وائی انٹرپرینیور آف دی ائیر جسے پہلے ارنسٹ اینڈ ینگ انٹرپرینیور آف دی ائیر ایوارڈز کہا جاتا تھا امریکہ کا سب سے مایہ ناز ایوارڈ پروگرام ہے۔ یہ پروگرام 1986 میں شروع کیا گیا اور اب اس کا دائرہ کار امریکہ کی پچاس ریاستوں اور ساٹھ ملکوں تک ہے۔ ہر سال 300 سے زیادہ امیدواروں کو مختلف زمروں میں اس ایوارڈ کے لئے زیر غور لایا جاتا ہے ۔ انتہائی سخت معیار سے گزرنے کے بعد صرف دس شخصیات کو اس ایوارڈ کے لئے چنا جاتا ہے۔امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کعبہ فیوژن کے سی ای او ڈاکٹر سہیل مسعود کو امریکہ کے اس باوقار ایوارڈ سے نوازے جانے پر مبارکباد دی ہے۔پاکستانی نژاد ڈاکٹر سہیل مسعود نے 1992 سے اپنے پروفیشنل سفر کا باقاعدہ آغاز کیلی فورنیا سے کیا اور محض چند سالوں میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے اپنی کمپنی کو ہوم انفیوژن فراہم کرنے والوں سرفہرست کمپنیوں میں شامل کر دیا۔ سال 2010 میں انہوں نے ایک اور کمپنی کعبہ فیوژن قائم کی جس کی شرح نمو تیس سے چالیس فیصد سالانہ رہی ہے۔ یہ کمپنی اس وقت 1,500 سے زائد ہیلتھ کئیر پروفیشنل پر مبنی ہے جو 26 ہوم انفیوژن خصوصی فارمیسیز کے ذریعے امریکہ کی چالیس ریاستوں میں لوگوں کو ان کے گھروں پر معیاری صحت کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ڈاکٹر سہیل مسعود کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کے شعبے میں ان کی غیر معمولی کامیابیاں اور امریکہ میں ایک اہم کاروباری شخصیت کے طور پر ان کی پہچان امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے۔سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک لازوال ربط ہیں اور اپنے موجودہ وطن امریکہ اور مادر وطن پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔سفیر پاکستان نے ڈاکٹر سہیل مسعود کی متعدد فلاحی سرگرمیوں کو بھی سراہا۔