لاہور( این این آئی)وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے قائداعظم ڈے اور کرسمس ڈے کے حوالے سے کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے گرجا گھروں اور تقریبات کی سکیورٹی کے لئے کئے گئے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔محسن نقوی نے سکیورٹی انتظامات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا معائنہ کیا۔ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے قائد اعظم ڈے اور کرسمس ڈے کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس ہیں۔پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلی محسن نقوی نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آبادکے سیف سٹی پراجیکٹس کے سول ورکس کو 31دسمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اوران منصوبوں میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ 31دسمبر تک تینوں منصوبوں کے مرکزی ہال اورڈیٹا سینٹر کا سول ورکس مکمل کیا جائے۔وزیراعلی محسن نقوی نے تینوں پراجیکٹس کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں۔وزیراعلی نے مزید ہدایت کی کہ کمشنرز اورآر پی اوز باقاعدگی سے پراجیکٹس کے وزٹ کر کے ڈیلی رپورٹس پیش کریں اورسول ورکس مکمل ہونے کے بعد آلات کی تنصیب کا کام جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے۔فیصل آباد میں 600،گوجرانوالہ میں 700اورراولپنڈی میں 750کیمرے سیف سٹی پراجیکٹس کے ساتھ منسلک ہوں گے۔وزیراعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ 17چھوٹے شہرو ں میں سیف سٹی پراجیکٹ ڈی آئی سی تھریپر بھی جلد کام کا آغاز کیا جائے اورپنجاب کے 737تھانوں کی اپ گریڈیشن کے امور بھی جلد آگے بڑھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ 31جنوری تک تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونا چاہیے۔انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس،تھانوں کی اپ گریڈیشن اور17 چھوٹے شہریوں میں سیف سٹی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سی سی پی او لاہور،ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہورڈویژن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آباد کے کمشنرز جبکہ گوجرانوالہ اورفیصل آباد کے آر پی اوز اورراولپنڈی کے سی پی او ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔