امریکا کا بحیرہ روم سے جنگی بیڑا ”یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ” ہٹانے کا اعلان

0
209

واشنگٹن(این این آئی) امریکا نے بحیرہ روم سے اپنا جنگی بیڑا ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکا نے غزہ میں جنگ اور خطے کی صورت حال کے پیش نظر اپنے سب سے بڑے طیارہ بردار بحری بیڑے ”یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ” کو واپس امریکا لے جانے کا اعلان کر دیا ہے۔امریکا جلد یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ کو بحیرہ روم کے پانیوں سے نکال لے گا، امریکا نے سب سے بڑا جنگی اثاثہ جیرالڈ فورڈ طیارہ بردار 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی اسرائیل حماس جنگ کے فوری بعد خطے میں اسرائیلی دفاع اور اپنے مفادات کے تفظ کے لیے بھیجا تھا، تاہم اب اسے واپس بلا لیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ طیارہ بردار بحری جہاز دو ماہ سے زیادہ عرصے کے بعد بحیرہ روم میں اس علاقے سے روانہ ہوگا، جہاں یہ غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں مدد کے لیے تعینات تھا، بحری بیڑے پر مشتمل یہ گروپ بندرگاہ نورفولک، ورجینیا لوٹے گا، اس کی واپسی دراصل نومبر کے اوائل میں ہونی تھی۔ایٹمی طاقت سے چلنے والا یہ بیڑا طیاروں کے 8 اسکواڈرنز کے ساتھ 4,000 سے زیادہ افراد پر مشتمل ایک چھوٹا سا تیرتا ہوا شہر ہے۔دوسری جانب حوثی رہنما تہران پہنچ گئے ہیں، اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقات میں حوثی رہنماؤں نے غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا، خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے اپنا جنگی بحری بیڑہ بحیرہ احمر میں بھیج دیا ہے۔