لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ لاہور نے فیصلہ دیدیا ہے تم کو جانا ہوگا ، جب عوام کے ووٹ سے حکومتیں آئیں گی ،وزرائے اعظم آئیں گے تو ان کو آپ کا خیال ہوگا،جب جعلی اور ووٹ چور حکومت آئے گی تواس کو صرف اپنی نوکری کی فکر ہو گی اس کو آپ کی فکر نہیں ہو گی ، عمران خان کو فکر ہے کہ کسی نہ کسی طرح میری نوکری بچ جائے ،جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے پاکستان کی ترقی قرنطینہ میں ہے ،تین سال تک این آر او نہ دینے کا اعلان کرنے والے آج خود این آر او مانگ رہا ہے لیکن پی ڈی ایم او رنواز شریف تابعدار کو این آر او نہیں دیں گے ،آج صرف آٹا سکینڈل، چینی سکینڈل، ایل این جی سکینڈل او رسکینڈل ہی سکینڈل ہیں او ریہی اس حکومت کی کارکردگی ہے ،سکینڈلز کے ڈھیر لگ گئے ہیں،ا نشا اللہ عوام تم سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے ، میچ فکس کر کے نواز شریف کو نکال دیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مینا رپاکستان پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ زندہ دلان لاہور اللہ دی قسم اج تسی مینوں خوش کر دیتا اے ، کون فرعون کے لہجے میں کہتا تھاکہ مسلم لیگ (ن) کو کہو مینار پاکستان کو بھر کر دکھائے ، آج میں اللہ کا شکر ادا کر کے کہتی ہوں جس نے دیکھنا ہے آکر دیکھے ، نہ صرف مینا رپاکستان بلکہ اس کے اطراف کی سڑکیں اور آزاد فلائی اوور بھر چکا ہے اور ہزاروں لوگ جوپنڈال کے اندر نہیں آ سکے وہ پنڈال سے باہر کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جلسے کے منتظمین نے بتایا تھا کہ یہاں پر ہزاروں کرسیاں لگی ہوئی ہیں ، لاہور والوں کو ایک بھی کرسی نظر نہیں آرہی ،لوگ اتنے زیادہ ہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کرسیاں کہاں چلی گئیں ، کون کہتا تھاکہ کرسیاں نہیں ملیں گے ،کرسیاں دینے والوں کے خلاف مقدمات کروں گا ، جلسے کی اجازت نہیں دو گا، ہمیں تمہاری اجازت کی ضرورت ہے اور نہ کرسیوں کی ضرور ت ہے ،تم یہ سب کچھ اپنے پاس رکھو ۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور والوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتی ہوںیسلام کہ آپ اتنی سردی کے اندر یہاں کھڑے ہیں، میری تو اسٹیج پر بیٹھے ہوئے قلفی جم گئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ لاہور آج سگے بھائی کا مظاہرہ کرہا ہے ، ہم سندھ کو ویلکم کرتے ہیں،لاہور آج خیبر پختوانخواہ کو بھی ویلکم کرتا ہے ، لاہور آج بلوچستان کو بھی ویلکم کرتا ہے ، ہم لاہور کی طرف سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں پی ڈی ایم کی قیادت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ لاہور سگے بھائی کا کردار ادا کرے گا بڑے بھائی کا نہیں کیونکہ ہم سب ایک جیسے ہیں،لاہور سگے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے اسلام آباد کو اور پورے پاکستان کو آپس میں جوڑے گا ، لاہور میں ایک نہیں درجنوں جلسے ہو چکے ہیں ، لاہور کے اس تاریخی جلسے پر میڈیا والوںکو فون آرہے ہیں کہ آپ نے یہ کہنا ہے کہ جلسہ ناکام ہو گیا ہے ، لاہوریوں کو پتہ ہے یہ فون کہاں سے آرہے ہیں ؟۔ لیکن وہ جانتے ہیں کہ لاہوریو نے آج مینا رپاکستان کے سائے میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ شاباش لاہور شاباش ۔ لاہوریو نے آج مینا رپاکستان تاریخی جلسہ کیا ہے بلکہ لاہوریو نے عوام دشمن حکومت کو بھی مینار پاکستان کی بلندی سے اٹھا کر نیچے پھینک دیا ہے ۔ جس جعلی تبدیلی کی شروعات 2011 مینار پاکستان کے سائے میں ہوئی تھی آج لاہوریوں نے اسی مینار پاکستان میں جعلی تبدیلی کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہوریو آپ کو پتہ ہے کہ تین سال کون خدا کے لہجے میں فرعون کی طرح کہتا تھا کہ میں این آر او نہیں دوں گا ، تو آج پی ڈی ایم کی کامیاب تحریک کے بعد آج وہی انسان دھول چاٹ کر پی ڈی ایم سے اور نواز شریف سے این آر او مانگ رہا ہے ۔ بتائو لاہوریو بتا دو عمران کو این آر او دو گے؟ ۔ مسٹر تابعدار یاد رکھو ، ذرا بتائو بندہ تابعدار کا نام کیا ہے ؟۔ یہ بھی بتا دو یہ کس کی تابعدار ی کرتا ہے ،اب تابعدار این آر او مانگ رہا ہے یاد رکھو نواز شریف عوام کی روٹی چوری کرنے والے کو ان آر او نہیں دے گا، اب نواز شریف عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر جعلی حکومت بنانے والے کو این آر او نہیں دے گا ، اب نواز شریف پاکستان کی ترقی چھیننے والوں کو این آر او نہیں دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر کہتی ہوں کہ ماسک پہن کر آئیں ،مجھے آپ کی زندگی اور صحت کی پرواہ ہے ، کوویڈ 19ہے لیکن اس سے زیادہ خطرناک او رمہلک مرض کا نام کووڈ18ہے او روہ تابعدار خان ، عمران خان ہے ، کوویڈ 18جب سے پاکستان میں جعلی حکومت بنا کر آیا ہے پاکستان کی ترقی قرنطینہ میں ہے ، چینی ، گندم، سستا آٹا، بجلی، گیس قرنطینہ میں ہے ۔ پاکستان میں میڈیا کی آزدای ، عوام کا روزگار ،مریض کی دوائی قرنطینہ میں ہے ، کووڈ 18کا خاتمہ کرنے کیلئے تیار ہو ناں؟۔ بہادر او رغیور لوگوں مجھے یہ بتائو تابعدار خان نے ابھی کیا کہا ۔ اس بار تھوڑا تکبر کم ہو گیا ،اس بار منہ پر ہاتھ نہیں پھیرا اور کہا کہ یہ اپوزیشن مجھے جانتی نہیں ، سنو تابعدار خان اپوزیشن صرف جانتی نہیں بلکہ اپوزیشن تمہیں اچھی طرح پہچانتی بھی ہے ، نہ صرف اپوزیشن جانتی ہے تمہیں پاکستان کا بچہ بچہ بھی جان گیا ہے،جو تمہیں پہلے نہیں جانتا تھا اب وہ بچہ بھی تمہیں جان گیا ہے ،جو دودھ کے لئے بلک رہا ہے وہ بچہ بھی تمہیں جان گیا ہے، وہ بیٹی او رماں تمہیں جان رہی جن کے چولہوں کی آگ تم نے بجھا دی ہے ۔ پاکستان کے ہر گھر میں موجود بیمار بھی جان گیا ہے جن کی پہنچ سے دوائی دور کر دی ہے ، نوجوان بھی جان گیا ہے جسے ایک کروڑ نوکریوں کا سہانا خواب دکھا کر تم آئے تھے ۔ اب تمہیں سرکاری ملازم بھی جان گئے ہیں جن کی تنخواہوں میں پہلی بار ایک پیسے کا اضافہ نہیں کیا ، وہ بھی جان گئے ہیں جن کے بجلی اور گیس کے لمبے لمبے بل توآتے ہیں لیکن نہ بجلی او رنہ گیس آتی ہے ۔ زندہ دلان لاہورجو عمران خان تابعدار کو پوری طرح نہیں جانتے آج میری تقریر سن لیں گے تو اچھی طرح جان لیں گے۔ میں بتائوں 2011میں جب یہاں پر اس نے جلسہ کیا تھا تو عوام اچھی طرح جانتی ہے تمہارا جلسہ کس نے کرایا تھا ۔ پھر جب 2013ء کے انتخابات میں تمہیں عبرتناک شکست ہوئی تو تمہیں سمجھ آ گیا کہ تم عوام کے ووٹوں سے وزیر اعظم بننے والے نہیں اب مجھے تابعداری کرنا پڑے گی تو میں وزیر اعظم بنوں گا ۔ پھر تمہیں کسی نے کہا کہ دھاندلی دھاندلی کا شور مچائو ،نواز شریف دھرنوں کے باوجود عوام کی خدمت میں جتا رہا ۔ لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے، ملک سے دہشتگردی کے اندھیرے ختم کئے ۔ پھر تمہیں ایک نئی بات سوجھی کرپشن کرپشن کا راگ الاپنا شروع کر دیا او رپھر تم نے فکس میچ کے ذریعے اقامہ پر باہر نکلوایا ۔ لاہور والوں اسی جگہ کھڑے ہو کر یہ دو ہزار گیارہ جھوٹوں کا پلندہ لے کر آیا تھا ۔ اس نے طلبہ کی سکالر شپس واپس لے لی ہیں ،ایک بھی یونیورسٹی او رکالج بنا ہے ؟۔ کہتا تھاکہ پی ایم ہائوس اور گورنر ہائوس کو یونیورسٹی بنائوں گا ، بنی ہے ؟ ۔ انسانوں پر خرچ کروں گا لیکن حقیقت سن لو آج ینگ ڈاکٹرز ، اساتذہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز، سرکاری ملازمین سڑکوں پر ہیں، پہلی بار سرکاری ملازمین کی تنخواہوں نہیں بڑھیں یہ ہے اس کی حقیت کہ میں عوام پر خرچ کروں گا۔ صحت کا وعدہ کر کے گیا تھا کہہ رہا تھاکہ صحت پر ہسپتالوں پر خرچ کروں گا ہاتھ اٹھا کر بتائو کیا ایک بھی ہسپتال بنا ہے ۔ دل دہل جاتا ہے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں سات کرونا کے مریض آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ آج ہسپتالوں کے باہر لکھ کر لگا دیا ہے کہ ویل چیئر او رسٹریچر کے بیس الگ دینا ہوں گے،ادویات کی قیمتوں میں چھ سو فیصد اضافہ ہو گیا ہے ، بیمار ہونا بھی آسان کام نہیں ہے ۔ کہتا تھاکہ بھیک نہیں مانگوں گا ، قرضے نہیں لوں گا او رپھر پوری دنیا نے دیکھا قرضوں کے نئے ریکارڈ بنا دئیے اس تابعدار خان نے ، دنیا نے دیکھا ہمار ے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا، پھر کرپشن کرپشن کرپشن کے رونے روتا تھا ، کان پک گئے کرپشن کرپشن سن کر ، کہتا تھاکہ میں ایسا نظام لائوں گا کہ جو بڑے لوگ ایک قانون کے نیچے لے کر آئوں گا ، آج کرپشن کی داستانیں دنیا سن رہی ہے ، ریپڈ بس ، مالم جبہ، ریپڈ بس جو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے ، عوام اس کو دھکے لگا بھی رہی ہے اور دھکے کھا رہی ہے ، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ بلین ٹریز سونامی کہاں لگائے ، کیا سارے درخت بنی گالا میں لگا دئیے ہیں۔ آٹا سکینڈل، چینی سکینڈل، ایل این جی سکینڈل، مہنگی بجلی اور گیس سکینڈل اس حکومت کی کارکردگی ہے ،سکینڈلز کے ڈھیر لگ گئے ہیں،ا نشا اللہ عوام تم سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے ۔ عمران خان کو فکر ہے کہ کسی نہ کسی طرح میری نوکری بچ جائے ،گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دینے کے لئے تیار ہو ۔ لاہور کے باسیوں لاہور کے محب وطن شہریوں اپنی بہن کے ساتھ وعدہ کرو اگر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرو ں تو گھروں سے نکلو گے گھروں سے اور جتنے دن رکنا پڑا رکو گے ۔
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...