ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں وزارت ثقافت نے شہزادہ محمد بن سلمان ایوارڈ برائے سعودی چینی ثقافتی تعاون کا اجرا کردیا۔ حکام کی موجودگی میں پیکنگ یونیورسٹی کی کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری برانچ میں اس ایوارڈ کے کام کے آغاز کیا گیا۔پیکنگ یونیورسٹی کے ڈین سمیت سعودی اور چینی شخصیات، دانشوروں اور ماہرین تعلیم نے تقریب میں شمولیت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر ثقافت نے تقریب میں اپنی تقریر میں کہا کہ مجھے شہزادہ محمد بن سلمان ایوارڈ برائے سعودی چینی ثقافتی تعاون شروع کرنے پر فخر ہے کیونکہ یہ سعودی عرب کی دنیا کے لوگوں کے ساتھ ثقافتی رابطے میں گہری دلچسپی کی تصدیق کرتا ہے۔ چینی لوگوں کے ساتھ ہماری تہذیبی رابطے کی ایک گہری تاریخ ہے۔وزیر ثقافت نے زور دیا کہ سعودی عرب کا ویژن 2030اور چین کی اصلاحات اور کھلے پن کی پالیسی ہمارے سامنے عظیم مواقع کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ہم مل کر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں تاکہ زیادہ ثقافتی ہم آہنگی حاصل کی جا سکے۔ یہ ایوارڈ دو تہذیبی نظریات کے درمیان ملاپ کا نقطہ ہے۔ یہ دونوں تہذیبیں اپنے عزائم میں متفق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ جزیرہ نما سعودی عرب کے دل سے پیش کیا جا رہا۔ سعودی عرب کی شاہراہ علم کے خواہش کا اظہار ہے۔ ایوارڈ چین کی تاریخی شاہراہ ریشم کی ثقافتی اقدار سے متاثر ہوکر لایا گیا۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون کو نئی افق تک لے جانے کی خواہش کا بھی مظہر ہے۔سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے وضاحت کی کہ دونوں دوست ممالک کے رہنماں کے درمیان ثقافتی رابطے کی خواہش ہمیشہ موجود رہی ہے۔ آج یہ ایوارڈ ایک عرب ثقافتی شبیہہ کی نمائندگی کر رہا ہے جو عرب اور چینی ثقافتوں کے درمیان ثقافتی میل جول کو نئے افق پر لے جانے کے مواقع بڑھا رہا ہے۔