ضلع نوشکی میں دو مختلف واقعات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 11 افراد قتل

0
459

اسلام آباد/ نوشکی (این این آئی)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق نوشکی کے مقام پر قومی شاہراہ پر ایک بس سے مسلح افراد نے 9 مسافروں کو اغوا کرکے قتل کردیا۔پولیس کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے تفتان جارہی تھی جس میں سے متعدد افراد کو بس سے اتار کر اغوا کیا گیا تھا، بعد میں مغویوں کی لاشیں قریبی پہاڑی کے قریب پل کے نیچے سے ملیں۔پولیس کے مطابق قتل کیے گئے مسافروں کا تعلق پنجاب کے علاقے منڈی بہائوالدین، گوجرانوالہ اور وزیر آباد سے ہے۔اس کے علاوہ نوشکی میں قومی شاہراہ پر گاڑی پر فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔وزیراعظم شہباز شریف نے نوشکی میں قومی شاہراہ پر بس سے اغوا کے بعد مسافروں کے قتل کی مذمت اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔شہباز شریف نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔انہوںنے کہاکہ رنج کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوشکی میں فائرنگ سے 11 افراد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے بھی نوشکی میں بس مسافروں کو اغوا کرکے قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔مریم نواز واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں اور ایک رہیں، نفرت بانٹنے والوں کا نام ونشان نہیں رہے گا۔