لسبیلہ کے ماحولیاتی نمونے میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق

0
31

لسبیلہ (این این آئی)بلوچستان کے ضلع لسبیلہ سے لیے گئے ایک اور ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں برس مثبت نمونوں کی تعداد 173 ہوگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے ایک حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے تصدیق کی کہ لسبیلہ میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس پایا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ تازہ نمونہ جمالی محلہ سے لیا گیا ، رواں برس ضلع لسبیلہ سے تیسرے ماحولیاتی نمونے میں وائرس مثبت آیا ہے، گزشتہ 2 مثبت نمونے 23 جنوری اور 22 اپریل کو لیے گئے تھے، وائرس کی وائی بی 3 اے کلسٹر کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے، رواں سال 11 جنوری کو کراچی شرقی میں ماحولیاتی نمونے میں پائے جانے والے وائرس سے 99.44 فیصد جینیاتی طور پر منسلک ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں برس 44 اضلاع سے 173 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس مثبت آیا ہے۔انہوںنے کہاکہ 2023 میں 28 اضلاع سے 126 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس ایسے اضلاع میں پھیل رہا ہے، جو اس سے قبل وائرس فری تھے۔انہوںنے کہاکہ اگر سیوریج کے پانی میں وائرس پایا جاتا ہے، تو نمونے کو مثبت کہا جاتا ہے، اس پولیو مہم کے معیار کا تعین کرنا بنیادی پیرامیٹر ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت سے بچوں کو قطرے نہیں پلائے جارہے۔