جبوتی کے پارلیمانی وفد کی اسلام آباد ایوان صنعت و تجار ت کے وفد سے ملاقات ، سرمایہ کاری پر گفتگو

0
285

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئے جبوتی کے پارلیمانی وفد نے اسلام آباد ایوان صنعت وتجارت کے وفد سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارتی تعاون کے علاوہ، سیاحت، صنعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں رابطہ کاری بڑھانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔اسلام آباد ایوان صنعت و تجارت کے وفد کی نمائندگی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم نے کی جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں ایگزیکٹو ممبر محمدجاوید اقبال، ماجد شبیر، امیس خٹک اور محمد شکیل منیر بھی موجود تھے۔ اسلام آباد ایوان صنعت و تجارت کی سینئر نائب صدر نے جبوتی کے پارلیمانی وفد کو خوش آمدید کیا اور کہا کہ جبوتی کے پارلیمانی وفد کا دورہ انتہائی اہم ہے جس سے تجارتی شعبوں میں تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی شعبوں میں معاونت کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کی تاجر برادری سیاحت، صنعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون کیلئے خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دورے کی بدولت دونوں ممالک کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کاری کے مواقع فراہم ہونگے۔جبوتی کے وفد کے سربراہ محمد علی حاومید نے کہاکہ پاکستان ہمارے لئے ایک اہم ملک ہے اور مختلف شعبوں میں ہم ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر جبوتی پاکستان اکنامک فورم تشکیل دینے کی تجویز بھی دی جسے اسلام آباد ایوان صنعت وتجارت کے وفد نے سراہا۔انہوں نے کہا کہ اس فورم کے قیام سے تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ ہے ان کے مسائل کے حل کیلئے مل کر کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ اپنے آپ کو محفوظ سمجھے گا تو معیشت ترقی کرے گی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے عمل کو مزید تیز تر کیا جا سکے گا۔