آرمی چیف کی بحرین کی قیادت سے ملاقاتیں ،دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر گفتگو

0
227

راولپنڈی(این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرینی قیادت سے ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرین کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا اس دوران پاک فوج کے سربراہ نے بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد بن عیسی الخلیفہ سے ملاقات کی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرین کے وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف سے بھی ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال زیر بحث آئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کے دورہ میں بحرینی قیادت نے پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کی تصدیق کی اور دونوں برادر ممالک کے مابین بہتر تعلقات کے لئے کام جاری رکھنے کا عہد بھی کیا۔ شہزادہ سلمان بن حماد بن عیسی آل خلیفہ کی طرف سے آرمی چیف کو بحرین آرڈر (فرسٹ کلاس)پیش کیاگیا۔آرمی چیف نے ساخیر کیمپ میں پاک بحرین مشترکہ فوجی مشق کی اختتامی تقریب کا مشاہدہ کیا اور تربیت کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشق دہشت گردی کے خلاف دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کی نشاندہی کرتی ہے۔