جکارتہ (این این آئی)انڈونیشیا میں نجی ایئرلائن سِری وِجایا ایئر کے طیارے کا دارالحکومت جکارتہ سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد رابطہ منقطع ہوگیا جس کے باعث اس کے گر کر تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بوئنگ 500ـ737 جہاز مغربی کلیمنتان صوبے کے شہر پونٹیانَک جارہا تھا، جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی ریڈار سے لاپتہ ہوگیا۔انڈونیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ بودی کاریا نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ طیارے میں عملے کے 12 ارکان سمیت 62 افراد سوار تھے۔قبل ازیں دوسرے عہدیدار کے مطابق جہاز میں 56 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔انڈونیشیا کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی باسرناس کے سربراہ باگوس پْروہیتو نے کہا کہ جہاز کو شمالی جکارتہ کے پانیوں میں تلاش کرنے کیلئے ٹیمیں روانہ کردی گئی تھیں،ایجنسی نے کہا کہ کوئی ریڈیو بیکن سگنل نہیں ملا تھا۔ایجنسی کے ایک اور عہدیدار آگوس ہاریونو نے کہ ‘رائٹرز’ کو بتایا کہ سمندر میں ملبہ ملا ہے جو جہاز کا ہونے کا شبہ ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں کی جاسکی کہ آیا یہ اسی جہاز کا ہے یا نہیں۔قابل اعتماد ٹریکنگ سروس فلائٹ ریڈار 24 نے ٹوئٹر پر کہا کہ ‘سری وِجایا ایئر کی پرواز ‘ایس جے 182 کی بلندی میں جکارتہ سے اڑان بھرنے کے بعد تقریباً 4 منٹ بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 10 ہزار فٹ کی کمی آئی۔ٹریکنگ ڈیٹا میں موجود رجسٹریشن تفصیلات کے مطابق لاپتہ ہونے والا بوئنگ 500ـ737 جہاز 27 سال پْرانا تھا۔انڈونیشین ایئرلائن سری وِجایا ایئر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے بیان سے قبل طیارے سے متعلق اب بھی تفصیلی معلومات جمع کر رہی ہے۔