قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں25فروری تک توسیع

0
1313

کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے کندھ کوٹ میں زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی انکوائری کے کیس میں سابق وزیرِ اعلی سندھ قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں25فروری تک توسیع کردی ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیرِ اعلی سندھ قائم علی شاہ کے خلاف کندھ کوٹ میں زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی انکوائری کے کیس میں درخواستِ ضمانت پرسماعت ہوئی۔سابق وزیرِ اعلی سندھ قائم علی شاہ عدالتِ عالیہ میں پیش ہوئے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف احتساب عدالت سکھر میں عبوری ریفرنس دائر کر دیا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عبوری ریفرنس میں قائم علی شاہ کا نام شامل نہیں ہے، قائم علی شاہ کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔نیب پراسیکیوٹرنے کہاکہ کیس زیر سماعت ہونے کے دوران رقم جاری ہونے پر شکوک و شہبات جنم لیتے ہیں، ریونیو اور محکمہ افسران اور جن کو رقم دی گئی ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ قائم علی شاہ سمیت دیگر کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں۔بعدازاں عدالت نے قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں 25 فروری تک توسیع کر دی۔نیب کے مطابق سابق وزیرِ اعلی سندھ قائم علی شاہ کے خلاف کندھ کوٹ میں زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی انکوائری جاری ہے۔