اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ،ہندوستان کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب کیا ہے،کشمیریوں کو ظلم و جبر سے مزید قید نہیں رکھا جا سکتا،آج کا کشمیری نوجوان اپنی آزادی کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے،انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرینگے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج پوری قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے اورہندوستان کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات دہاہیوں سے لیکن ایک کروڑمظلوم کشمیری دنیا کاضمیر جاگنے کے منتظر ہیں،آج غاصب ہندوستان کے خلاف عملی اقدامات کا وقت آ چکا ہے،دنیاذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ فاشسٹ ہندوستان کو آج اگر کشمیریوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف ظلم سے نا روکا گیا تو خطے میں بد امنی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ظلم و جبر سے مزید قید نہیں رکھا جا سکتا،آج کا کشمیری نوجوان اپنی آزادی کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے،انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان سے آزادی مظلوم کشمیریوں کا مقدر ہے۔آج نہیں تو انشاللہ کل ضرور۔