بھارت کشمیریوں پر مہلک ہتھیاراستعمال کرکے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے،سردارعتیق احمدخان

0
44

مظفرآباد/راولپنڈی(این این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ ہندوستان طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق سے محروم کرنا چاہتا ہے ،ریاست کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کے لیے غیر ریاستی ہندوئوں کو ڈومسائل جاری کر کے ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کا نام نہاد چیمپئین ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بدلنے،غیر کشمیریوں کو سرزمین پر قابض کرنے پیلٹ،بلٹ اور مارٹر کا شکار بنانے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں پر مہلک ہتھیاروں کا بڑے پیمانے پر استعمال کرکے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے،عالمی میڈیا،عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی ہندوستانی کی ظالمانہ اور پرتشدد کارروائیوں پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کو اب جموں و کشمیر سے نکلنا ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے نہ صرف لوگو ں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں بلکہ وہاں کی سیاسی ، سماجی صحت کا بھی نقصان ہو رہا ہے بلکہ موسمی تبدیلی کی وجہ سے وادی کی خوبصورتی کھنڈرات میں تبدیل ہو تی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کو شہید کررہی ہے تاکہ تحریک کوختم کیاجاسکے مگر بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے گا۔ کشمیر ی عوام آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزادہو کر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔