پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو حکومت پر فردجرم قرار دیدیا

0
210

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو حکومت پر فردجرم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم اور وزرا ء ملک میں کرپشن بڑھنے کا جواب دیں، ہر محکمے میں کرپشن کی فہرست موجود ہے، افسران کی تبدیلی کی وجہ بھی کرپشن ہے،ہر ایک پر چوری کا الزام لگانے والا عالمی چور نکلا ،ملک میں ترقیاتی کام بھی نہیں ہورہا ہے اور کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ،جس ملک میں میڈیا کی آزادی کو سلب کیا جائے اور اپوزیشن کو دبایا جائے وہاں کرپشن بڑھتی ہے ،چینی میں سینکڑوں ارب بنانے ،گندم کی قیمت دگنی اور کھاد کو بلیک کرنے والے کابینہ میں بیٹھے ہیں،اب الزام لگانے سے بات نہیں چلے گی، عمران خان تم سڑک پر آئو لوگ بتائیں گے ،سیاسی شہید بننے کا موقع نہیں ملے گا ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترجمان (ن)لیگ مریم اور نگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ایک بین الاقوامی اداراہ ہے ،ایک سو اسی ممالک میں اندازہ لگاتا ہے کہ کس ملک میں کتنی کرپشن ہے ،یہ ایک سو اسی ممالک کا پیمانہ ہے ،یہ کسی کے ماتحت ادارہ نہیں ہے ،اس کی دوہزاراکیس کی رپورٹ شائع ہوئی ہے ،آج کے حکمرانوں کی حقیقت سامنے آتی ہے ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دوہزار بیس میں دنیا میں کرپشن میں ایک سو چوبیس نمبر پر تھا ،ایک سال میں ہم ایک سو چالیس نمبر پر پہنچ گئے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی ریٹنگ سولہ درجے گزری ہے،یہ ایک ریکارڈ ہے کہ پاکستان کرپشن میں کس تیزی سے اوپر گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ ہم نہیں کہہ رہے دنیا کہہ رہی ہے،وہ شخص جو ہر ایک پر چوری کا الزام لگاتا تھا وہ خود چور نکلااور صرف چور نہیں بلکہ بین الاقوامی چور ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ قومی سانحہ ہے کہ پاکستان میں کرپشن کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ جب ہم نے حکومت چھوڑی تھی اس وقت پاکستان کرپشن کے حوالے سے ایک سترہ نمبر پر تھا آج ایک سو چالیس پر ہے ،آج مہنگائی اسی کرپشن کی وجہ سے ہے ،یہ پیمانہ پورے ملک کے معاملات کو د یکھ کر کیا جاتا ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں کرپشن اور مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کے دور میں پاکستان میں کم ہوتی جا رہی تھی،اب کرپشن اور مہنگائی دونوں تیزی سے بڑھتی جا رہی ہیں،افسوس اس بات کا ہے کہ وہ شخص سب سے کرپٹ حکمران نکلا جسے ایک چیف جسٹس ازخود نوٹس لے کر صادق اور امین بتاتا رہا۔