بھارت اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کررہاہے’رپورٹ

0
374

اسلام آباد(این این آئی)ایک طرف دنیا آج غلامی کے خاتمے کا عالمی دن منارہی ہے تو دوسری طرف بھارت غیر قانونی طور پراپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کررہاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آج اقوام متحدہ کی طرف سے غلامی کے خاتمے کا دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد دنیا میں غلامی کاخاتمہ ہے تاہم رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی قبضے میںلاکھوں کشمیریوں کو جبری غلامی کی طرف دھکیلاگیاہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں انسانی غلامی کی بدترین شکل دیکھی جاسکتی ہے اور مقبوضہ علاقے میںکشمیری خواتین کا جنسی استحصال بھی غلامی کی ایک شکل ہے ۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کومحکوم بنانے کے بھارتی ہتھکنڈے جلد یا بدیر ناکام ہوجائیں گے کیونکہ کشمیری بھارتی غلامی کا طوق توڑنے کے لئے پرعزم ہیں۔ کشمیری ہندو جنونیوں کے غلام بننے پر موت کو ترجیح دیں گے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی غلامی سے آزادی حاصل کرنا بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر کے عوام کا مقدر ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو بھارتی غلامی سے نجات دلانے کے لئے آگے آئے۔ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ کشمیر کاز کے ساتھ کھڑا ہوجائے اورکشمیری عوام کی مرضی کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کرے۔