شاہ محمود قریشی کا یو اے ای کے وزیر خارجہ سے رابطہ

0
1452

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جمعرات کو ہونے والے رابطے میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین، گہرے ،تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یو اے ای میں مقیم لاکھوں پاکستانی، گذشتہ کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کرونا سمیت ہر مشکل گھڑی میں دونوں برادر ممالک نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ۔وزیر خارجہ نے کرونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران ،یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ،دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی و تجارتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ،دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام اور کرونا وبا کے معاشی مضمرات سے موثر انداز سے نمٹنے کے لئے باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا عندیہ دیا ۔