سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈان،241افراد گرفتار

0
290

ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف تازہ کریک ڈائون کے دوران کئی وزارتوں کے ملازمین سمیت تقریبا 241 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے انسداد احتساب اتھارٹی نے ایک بیان میں کہاکہ کئی وزارتوں سمیت 241 افراد کو مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔سعودی عرب کے نیشنل اینٹی کرپشن کمیشن (نزاہہ)نے اپنے بیان میں کہا کہ مشتبہ افراد میں وزارت داخلہ، صحت، میونسپل اور دیہی امور، ہاسنگ، تعلیم، انسانی بہبود، سوشل ڈیولپمنٹ، کسٹم اور پوسٹل کے ملازمین شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ گرفتار افراد کے خلاف رشوت لینے، اختیارات کا غلط استعمال اور جعل سازی کے الزامات ہیں۔سعودی ادارے نزاہہ کی ٹیموں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 263 مختلف کارروائیاں کیں اور گرفتاریاں بھی ہوئیں۔نزاہہ کی جانب سے بیان میں کہا کہ گرفتار ملزمان میں مقامی اور غیر ملکی بھی شامل ہیں اور 757 افراد کے خلاف الزامات کے بعد ہی تفتیش کی گئی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات عدالتوں کو بھیجنے کے لیے تمام ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔خیال رہے کہ خطے کی سب سے بڑی معیشت سعودی عرب میں گزشتہ چند برسوں میں حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔ملک سے باہر غیر قانونی طور پر 3.1 ارب ڈالر منتقل کرنے کے الزامات کی تفتیش کے بعد 32 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔نزاہہ کے مطابق سعودی سینٹرل بینک کے ملازمین کے بارے میں اطلاعات تھیں کہ وہ ایک غیر ملکی منظم گروپ اور کاروباری افراد سے رشوت لیتے تھے اور نامعلوم ذرائع سے ہونے والی ڈپازٹس کی منظوری دیتے تھے اور اس کے بعد رقم ملک سے باہر منتقل کرتے تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں انسانی حقوق کی تنظیم نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی عرب نے شہزادہ فیصل بن عبداللہ کو حراست میں لے کر قید کر لیا ہے اور ان پر کسی بھی قسم کے رابطہ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔شہزاد فیصل بن عبداللہ کو ماضی میں کرپشن کے خلاف مہم کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا اور پھر 2017 میں رہا کردیا گیا تھا